Friday, April 26, 2024

اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے ن لیگ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ، خواجہ سعد رفیق

اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے ن لیگ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ، خواجہ سعد رفیق
May 6, 2020
لاہور (92 نیوز) خواجہ سعد رفیق نے کہا اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے ن لیگ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن کے روبرو خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پیش ہوئے۔ عدالت کے رو برو پیراگون سٹی کی زمینوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ کے گواہان موجود ہیں جبکہ وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی۔ خواجہ سعد رفیق کے وکلاء کے معاون نے بتایا کہ سنئیینیئر وکلاء مصروف ہیں ان کی موجودگی میں وکلاء کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں تاکہ بیان پر بحث ہو سکے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گواہان موجود ہونے پر قانون کے مطابق بیان ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ زمینوں کی رجسٹریوں میں خواجہ برادران کے نام پر کوئی رجسٹڑری ہے،؟ سب رجسٹرار عزیز بھٹی ٹاون عمران صفدر نے بتایا کہ خواجہ برادران کے نام پر کوئی رجسٹری نہیں ہے۔ عدالت نے مقدمہ کے وعدہ معاف گواہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت دو جون تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے نون لیگ سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ نیب کے قانون میں ترمیم کا اٹھارویں ترمیم میں مزید تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نیب کالا قانون ہے یہ رہے گا تو کاروباری حضرات کام نہیں کر سکیں گئے۔ اس قانون کے تحت سینکڑوں لوگ قید ہیں جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ صوبوں کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔ اٹھارویں ترمیم میں پنجاب اپنے حقوق سے پیچھے ہٹا ہے اور چھوٹے صوبوں کو اختیارات دیے ہیں۔ نیب کا قانون اور ریاستی امور اکھٹے نہیں چل سکتے۔