Thursday, April 18, 2024

اٹھائیس برس قبل آج کے دن پاکستان کرکٹ کی دنیا کا عالمی چیمپئن بنا

اٹھائیس برس قبل آج کے دن پاکستان کرکٹ کی دنیا کا عالمی چیمپئن بنا
March 25, 2020
 لاہور (92 نیوز)25 مارچ 1992 پاکستان کی کرکٹ تاریخ کا سنہرا دن ہے۔ آج سے 28 برس قبل پاکستان پہلی بار دنیائے کرکٹ کا چیمپئن بنا۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے انگلینڈ کو فائنل میں 22 رنز سے شکست دیکر ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں راؤنڈ روبن اور ناک آؤٹ کی بنیاد پرکھیلے گئے ورلڈکپ میں پہلی بار سفید گیند اور رنگین وردیاں استعمال کی گئیں۔ 9 ٹیموں کے مابین طویل گروپ اسٹیج کے میچوں کے بعد  فائنل میں انگلینڈ  اور پاکستان مدمقابل آئے۔ انگلینڈ کیخلاف پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے جس میں نوجوان انضمام الحق کے 42، وسیم اکرم کے 33، نائب کپتان جاوید میانداد کے 58 اور کپتان عمران خان کے قیمتی 72 رنز شامل تھے۔ جواب میں گراہم گوچ کی قیادت میں انگلش ٹیم 49.2 اوررز میں 227 پر آل آؤٹ ہو گئی۔ مشتاق احمد نے تین،عاقب جاوید نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وسیم اکرم نے تین انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے لگاتار دو گیندوں پر ایلن لیمب اور کرس لوئس کو آؤٹ کرکے گویا پاکستان کی جیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔ شاندار کارکردگی پر وسیم اکرم مین آف دی میچ رہے۔ نیوزی لینڈ کیخلاف سیمی فائنل میں 263 رنز کے تعاقب میں انضمام الحق کی 37 گیندوں پر 60 رنز کی برق رفتار اننگز آج بھی شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہے۔ عمران خان نے ورلڈکپ کے دوران زخمی کندھے کے باوجود اپنی ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کر کے بہادر کپتان ہونے کا ثبوت دیا۔ ابتدائی میچوں میں ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم نے بلندیوں کا وہ سفر طے کیا کہ جو آج ضرب المثل بن چکا ہے۔  1992 ورلڈ کپ کے 28 سال گزرنے کے بعد پاکستان ٹیم ابھی تک اپنے دوسرے ٹائٹل کی راہ تک رہی ہے۔