Friday, April 26, 2024

راولپنڈی،1965 کی جنگ کے ہیرو سپاہی مقبول حسین کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی

راولپنڈی،1965 کی جنگ کے ہیرو سپاہی مقبول حسین کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی
August 29, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز) جنگ ستمبر 1965ءکے ہیرو  قوم کا عظیم اثاثہ اور پاکستان کے عظیم سپوت سپاہی مقبول حسین   سفر آخرت پر روانہ  ہو گئے ، اُن کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلیٰ فوجی و سول حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ پاک فوج نے جرات و بہادری کے نشان سپاہی مقبول حسین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ پاکستان کے عظیم بہادر سپوت اور جنگ 65ءکے ہیرو سپاہی مقبول حسین ستارہ جرات سفر آخرت پر روانہ  ہو گئے ، سپاہی مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے  ۔ ٓآئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلیٰ فوجی افسران اور جوانوں کی بڑی تعدادنے نماز جناز ہ میں شرکت کی، پاک فوج نے جرات و بہادری کے نشان سپاہی مقبول حسین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ آزاد کشمیر رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے سپاہی مقبول حسین 1965 ءکی جنگ میں دشمن کے خلاف بے جگری اور بہادری سے لڑے اورشدید زخمی ہوئے، اُنہیں زخمی حالت میں بھارتی فوج نے جنگی قیدی بنایا۔ سپاہی مقبول حسین  40 سال تک بھارت میں قید میں رہے اور2005ء میں رہائی پاکر وطن واپس لوٹے ۔سپاہی مقبول حسین کو اُن کی گراں قدرخدمات ،جرات و بہادری اور وطن کی مٹی کی عظمت اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے زندگی کا ہر لمحہ قربان کرنے پر ستارہ جرات سے نواز ا گیا۔