Friday, March 29, 2024

اٹلی میں یورو کی بندش کیلئے ریفرنڈم، یورپی یونین تشویش میں مبتلا

اٹلی میں یورو کی بندش کیلئے ریفرنڈم، یورپی یونین تشویش میں مبتلا
November 28, 2016

روم (ویب ڈیسک) اٹلی میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا۔ برطانیہ کے بعد اب اٹلی نے بھی یورپی یونین کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ وزیراعظم میتھیو رینزی نے آج ہونے والے آئینی ریفرنڈم کی صورت میں مستعفی ہونے کی دھمکی دی ہے جس کے بعد اٹلی میں یورو کرنسی کا استعمال بند ہونے کا امکان ہے جو بریگزٹ کے بعد یورپی یونین کے لیے بڑا دھچکا ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلہ کے بعد یورپی یونین کی ٹوٹ پھوٹ کا عمل تیز ہو گیا۔ آج اٹلی میں ہونے والا ریفرنڈم اٹلی میں یورو کرنسی کے استعمال کا بھی فیصلہ کرے گا۔ اٹلی میں سیاسی نظام میں بڑی تبدیلیوں اور سینیٹ کے اختیارات کم کرنے پر ریفرنڈم ہورہا ہے۔

اٹلی کے وزیراعظم میتھیو رینزی نے ریفرنڈم میں ناکامی پر شکست کی صورت میں استعفیٰ کی دھمکی دی ہے لیکن یورپی یونین کے رکن ممالک کی طرف سے میتھیو رینزی پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ استعفیٰ کی دھمکی واپس لیں۔ دوبارہ الیکشن کی صورت میں اپوزیشن جماعتوں کے برسراقتدار آنے کے امکانات ہیں۔۔

اپوزیشن جماعت فائیو اسٹار موومنٹ جو اسٹیبلشمنٹ مخالف سمجھی جاتی ہے، نے کہا ہے کہ وہ اقتدار میں آکر یورو کے استعمال پر ریفرنڈم کرائے گی اور یورو کو متروک قرار دیا جائے گا جبکہ دوسری بڑی اپوزشن جماعت ناردرن لیگ جو تارکین وطن کی مخالف ہے، کا کہنا ہے کہ یورو کو متروک قرار دینے کے لیے کسی بھی ووٹنگ کی ضرورت نہیں۔

تازہ آن لائن پولز کے مطابق وزیراعظم میتھیو رینزی کو ریفرنڈم میں شکست کے واضح آثار ہیں جس پر یورپی یونین میں بے چینی ہے۔ بریگزٹ اور امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد میتھیو رینزی کی ریفرنڈم میں ناکامی مغرب میں اسٹیبلشمنٹ کی تیسری بڑی شکست ہوگی۔