Thursday, April 25, 2024

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا گراف چین سے بھی اوپر چلا گیا

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا گراف چین سے بھی اوپر چلا گیا
March 22, 2020
روم (92 نیوز) اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا گراف چین سے بھی اوپر چلا گیا ہے۔ ایک ہی روز میں 793افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ اٹلی میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4825 ہو چکی ہے۔ اٹلی میں کورونا وائرس کے نتیجے میں وہاں کے حالات انتہائی تکلیف دہ ہیں، ہر روز سیکڑوں افراد  کورونا وائرس کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔ پورا ملک قرنطینہ سنٹر بن چکا ہے۔ جہاں کبھی عوام کا رش ہوتا تھا، آج وہاں ویرانی ہیں۔ دکانیں، اسکول اور دیگر کاروباری مراکز بند ہیں۔ ڈاکٹرز اور طبی عملہ شب و روز محنت کررہا ہے لیکن مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب یہ مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔ اٹلی جیسے ترقی یافتہ ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ عوام کی غفلت تھی، جب اس وائرس نے ملک میں پنجے گاڑنا شروع کیا تو حکومت نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے احتیاطی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی مگر عوام نے اِسے سنجیدہ نہ لیا اور معمول کے مطابق زندگی گزارتے رہے۔ نتیجہ یہ نکلا کورونا وائرس دیکھتے ہی دیکھتے پورے ملک میں پھیل گیا اور آج عوام اپنی حماقت کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ اٹلی کی صورتحال ہم سب کیلئے سبق آموز ہے کیونکہ ذرا سی احتیاط سیکڑوں انسانی زندگیاں بچاسکتی ہے۔ اس لیے ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرے۔ ہجوم والی جگہوں سے پرہیز کیا جائے۔ ہاتھوں کو بار بار دھویا جائے۔ ایک دوسرے سے مصافحہ یا گلے ملنے سے گریز کیا جائے۔ بات چیت کرتے وقت کم از کم ایک میٹر کا فاصلہ رکھا جائے۔اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ۔جب تک حالات بہتر نہ ہو جائیں۔گھروں میں بیٹھ جائیں۔