Friday, March 29, 2024

اٹارنی جنرل انور منصور عہدے سے مستعفی

اٹارنی جنرل انور منصور عہدے سے مستعفی
February 20, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اٹارنی جنرل انور منصور نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اٹارنی جنرل نے استعفیٰ صدر مملکت کو ارسال کر دیا اور جلد منظور کرنے کی بھی درخواست کر دی۔ اٹارنی جنرل انور منصور نے موقف اپنایا کہ وکلا کی سب سے بڑی تنظیم پاکستان بار کونسل نے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس لیے وہ اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہیں۔ استعفے میں اٹارنی جنرل نے لکھا کہ میں نے یہ بات انتہائی افسوس کے ساتھ دیکھی کہ پاکستان بار کونسل نے مجھ سے ایک اخباری بیان کے ذریعے استعفیٰ طلب کیا ہے حالانکہ میں بار کونسل کا چیئرمین ہوں۔ انور منصور خان نے لکھا ہے کہ وہ کراچی بار ایسوسی ایشن، سندھ بار ایسوسی ایشن اور سپریم کورٹ بار ایسوسی بار ایسوسی ایشن کے تاحیات ممبر ہیں۔ سندھ کا سابق ایڈووکیٹ جنرل، اٹارنی جنرل پاکستان اور سندھ ہائیکورٹ کا جج بھی رہ چکا ہوں۔ وہ اپنے بار کے ساتھیوں اور بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ دیانتداری اور ان پیشہ ورانہ مہارت کے ان اصولوں پر قائم ہوں جن کیلئے پاکستان بار کونسل کوشاں ہے۔ دوسری طرف حکومت نے نئے اٹارنی جنرل کیلئے ناموں پر بھی غور شروع کر دیا۔ نئے اٹارنی جنرل کیلئے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل علی ظفر سے رابطہ کر لیا۔ علی ظفر نے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد جمال سکھیرا کا نام بھی زیر غور ہے۔