Friday, April 26, 2024

آٹھ سے سولہ مئی کے دوران کورونا ایس او پیز عمل درآمد کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں بنانے کا فیصلہ

آٹھ سے سولہ مئی کے دوران کورونا ایس او پیز عمل درآمد کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں بنانے کا فیصلہ
May 5, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) آٹھ سے سولہ مئی کے دوران کورونا ایس او پیز عمل درآمد کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

سربراہ این سی او سی اسد عمر اور قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود ا لزمان کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں عید تعطیلات کے دوران (8 سے 16 مئی) ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس سے قبل 6 سے 18 مئی تک سیاحتی مقامات، پارکس، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹ بند رکھنے، لوکل اور بیرون ممالک کے لیے سیاحتی مقامات کی بندش اور شمالی علاقہ جات کے راستوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

این سی او سی میں کیئے گئے فیصلے کے تحت کراچی میں ساحل سمندر پر بھی عوام کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی تاہم گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے رہائیشیوں کو واپس جانے کی اجازت ہو گی جب کہ پیٹرول پمپس، میڈیکل اسٹورز، گروسری اسٹورز، بیکری اور فوڈ آئٹمز کی دکانوں کواستثنیٰ حاصل ہو گا۔

وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر قائم ہونے والی مانیٹرنگ ٹیمیں مذکورہ تمام احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔ یہ اقدام کورونا وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔