Thursday, April 18, 2024

آنجہانی شہزادہ فلپ نے اپنی زندگی میں دو بار پاکستان کا دورہ کیا

آنجہانی شہزادہ فلپ نے اپنی زندگی میں دو بار پاکستان کا دورہ کیا
April 9, 2021

لاہور (92 نیوز) آنجہانی شہزادہ فلپ نے اپنی زندگی میں دو بار پاکستان کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم بھی تھیں۔

یکم فروری 1961 برطانوی شہزادے کا کراچی میں شاہانہ استقبال ہوا۔ کراچی کی سڑکوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا۔

شہری شہزادے کے استقبال کے لیے سڑکوں پر رہے، مسکراتے چہرے، جھنڈے لہراتے بچے پرنس فلپ ڈیوک آف ایڈنبرا کو ویلکم کرتے رہے۔

شہزادے کی گاڑیوں کا قافلہ جہاں سے گزرتا دیکھنے والوں کو سحر میں مبتلا کر دیتا۔

کراچی ایئر پورٹ پر اُس وقت کے صدر مملکت فیلڈ مارشل ایوب خان نے ملکہ الزبتھ دوئم اور پرنس فلپ ڈیوک آف ایڈنبرا کا استقبال کیا۔ انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جس کے بعد گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ایئر پورٹ سے ایوان صدر تک 12 میل کے راستے میں دونوں جانب تقریباً 10  لاکھ کھڑی عوام نے ان کا پرجوش استقبال کیا تھا۔

اپنی آمد کے 5 گھنٹے بعد انہوں نے مزار قائدؒ پر حاضری دی تھی۔ ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ نے پاکستان میں 12 دن گزارے اور سولہ فروری 1961 ء کو پہلا دورہ مکمل کرکے پاکستان سے روانہ ہوگئے۔

تقریباً 36 برس بعد 7 اکتوبر 1997ء کو صبح 10 بجے پرنس فلپ اور ملکہ برطانیہ پھر دورہ پاکستان پر آئے۔ 6 روزہ سرکاری دورے پر آنیوالے شاہی جوڑے کا پاکستان میں پُروقار استقبال کیا گیا۔

ہوائی اڈے پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ ایوانِ صدر پہنچنے پر مسلح افواج کے مشترکہ دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

شاہی جوڑے نے نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی بلکہ میچ بھی دیکھا۔ اپنے اس دورے میں اانہوں نے کراچی، لاہور، مری اور چترال کا بھی سفر کیا۔