Friday, April 26, 2024

آغا سراج درانی کے مزید 18کروڑ سے زائد اثاثوں کا انکشاف

آغا سراج درانی کے مزید 18کروڑ سے زائد اثاثوں کا انکشاف
February 23, 2019
کراچی ( 92 نیوز) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ،  جسمانی ریمانڈ پر نیب کی زیر حراست ملزم کے  مزید 18 کروڑ  46 لاکھ روپے کے اثاثوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کے اثاثوں سے متعلق نیب حکام کی رپورٹ 92 نیوز نے حاصل کر لی ۔ نیب نے سراج درانی کے خلاف ٹیکس چوری کا کیس بنانے کی تیاری شروع کردی، قومی ادارہ برائے احتساب نےبزنس مين گلزار احمد کے وارنٹ گرفتاری  بھی جاری کردئیے ۔ آغا سراج درانی نے 1985 سے 2018 تک صرف 8 کروڑ 44 لاکھ کے اثاثے ظاہر کئے تھے،رپورٹ کے مطابق آغا سراج درانی  نے شکار پور میں سوہنی مارکیٹ غیر قانونی طریقے سے خریدی ۔ دوسری جانب  قومی ادارہ برائے احتساب نے  بزنس مين گلزار احمد کےوارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے  نام  ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی ، نیب ذرائع کے مطابق گلزار احمد کودبئی سے واپسی پر گرفتار کرلیا جائے گا، گلزاراحمدکےاکاؤنٹ میں آغاسراج درانی کی بیٹی کےاکاؤنٹ سےکروڑوں روپےمنتقل ہوئے۔

سراج درانی نیب کی زیر حراست ہیں

آغا سراج درانی  یکم مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کراچی کی حراست میں ہیں ، نیب کی جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی کو احتساب عدالت پیش کیا گیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ میرے گھر میں بچوں کو بند کر کے چھ گھنٹے تک کارروائی کی گئی ، مجھے نہیں معلوم کہ یہ کیا ڈرامہ تھا ۔ میں بے نظیر بھٹو کا جیالا ہوں ۔ آغا سراج درانی نے مزید کہا کہ میرے گھر کی بے حرمتی کی گئی ہے ۔ نیب کی جانب سے  آغا سراج درانی کو پولیس اور رینجرز کی سکیورٹی اور بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا،جہاں پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔