Saturday, April 20, 2024

آغا سراج درانی یکم مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

آغا سراج درانی یکم مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
February 21, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) احتساب عدالت کراچی نے اسپیکر سندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی کو یکم مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کراچی کے حوالے کر دیا۔ آغا سراج درانی کو نیب نے احتساب عدالت پیش کیا ، آمدپر جیالوں نے پھول برسا کر ان کا استقبال کیا۔تفتیشی افسر نے احتساب عدالت سےملزم کے  14روزہ ریمانڈ کی استدعا کی ، ملزم کے وکیل نے کہاکہ  آغا سراج درانی بیمار ہیں۔ تفتیشی افسر نے کہاکہ  ہمارے پاس ڈاکٹرز موجود ہیں،میڈیکل بھی کرایا گیا ہے۔ عدالت نے ملزم سے پوچھاکہ کیا نیب نے آپ پر تشدد کیا گیا ، آغاسراج درانی نے کہاکہ نہیں  ،کسی نے نہیں مارا مگر میرے اہلخانہ کے ساتھ بہت زیادتی ہوئی۔ عدالت نے کہاکہ اہل خانہ سے بد تمیزی سے متعلق درخواست دیں، نیب سے رپورٹ طلب کریں گے ۔  عدالت نے آغا سراج درانی کا یکم مارچ تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ میرے گھر میں بچوں کو بند کر کے چھ گھنٹے تک کارروائی کی گئی ، مجھے نہیں معلوم کہ یہ کیا ڈرامہ تھا ۔ میں بے نظیر بھٹو کا جیالا ہوں ۔ آغا سراج درانی نے مزید کہا کہ میرے گھر کی بے حرمتی کی گئی ہے ۔ نیب کی جانب سے  آغا سراج درانی کو پولیس اور رینجرز کی سکیورٹی اور بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا،جہاں پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دوسری جانب قائم مقام اسپیکرسندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے آغا سراج درانی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دئیے۔ ڈی جی نیب سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 22 فروری کو آغا سراج درانی کی اسمبلی اجلاس میں شرکت بنائی جائے۔