Friday, April 19, 2024

آصف زرداری 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

آصف زرداری 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
June 11, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیے گئے ۔ نیب راولپنڈی نے میگا منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں  آصف علی زرداری کو گزشتہ روز زرداری ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا ۔ ان کی گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے  ضمانت میں توسیع نہ کرنے اور گرفتاری کی اجازت ملنے کے بعد کی گئی تھی۔ نیب نے آج صبح آصف زرداری کو احتساب عدالت اسلام آباد  پیش کیا تھا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کے لئے استدعا کی گئی ۔ عدالت نے  آصف علی زرداری کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے  حوالے کردیا۔ آصف زرداری کے عدالت پہنچنے پر سکیورٹی نے وکلاء اور میڈیا کو کمرہ عدالت جانے سے روک دیا،  کس ]ر وکلاء اور پولیس میں تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ آصف علی زرداری  کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر  سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، 800 سکیورٹی اہلکار عدالت اور گردونواح تعینات رہے ۔ نیب عدالت اور نیب راولپنڈی کے باہر رینجرز اہلکار گشت کریں گے جبکہ انٹی رائٹس فورس بھی تعینات  ہے ۔

آصف علی زرادری کا طبی معائنہ مکمل

عدالت پیشی سے قبل پولِی کلینک کے ڈاکٹروں پر مشتمل تین رکنی میڈیکل بورڈ نے سابق صدر آصف علی زرداری کا طبی معائنہ مکمل کر لیا ، ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے آصف زرداری کو طبی طور پر فٹ قرار دے دیا ۔ آصف زرداری کی شوگر، بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن سب نارمل قرار  دے دی گئیں جب کہ  میڈیکل بورڈ نے آصف علی زرداری کے ٹیسٹ بھی تجویز کر دیے ۔