Friday, April 19, 2024

آصف زرداری کی نا اہلی سے متعلق درخواست قابل سماعت قرار

آصف زرداری کی نا اہلی سے متعلق درخواست قابل سماعت قرار
January 29, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سابق صدر  و شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف زرداری کی نا اہلی سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی گئی ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ  نے رجسٹرار آفس کے اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواستین دوبارہ سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت  دے دی ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزاروں سے استفسار کیا کہ آپ لوگ سیاسی مقدمات عدالت میں کیوں لے کر آتے ہیں ، آپ کا متعلقہ فورم الیکشن کمیشن بنتاہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار مطمئن کریں کہ کیا درخواست  عوامی مفاد کی ہے ، آپ کی درخواست کو ترجیح کیسے دیں جب جیلوں میں بیٹھے لوگ انصاف کے منتظر ہیں ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ مقدم ہے ، یہ معاملات وہیں طے پانے چاہئے  ، معاملے پر پارلیمنٹ کو کمیٹی کیوں نہیں بنانےدیتے ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ آئندہ سماعت پر عدالت کو مطمئن کریں کہ درخواستیں کیوں ترجیحی بنیادوں پر سنی جائیں ۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری نے بیرون ملک 24 کروڑ 37 لاکھ  روپے کے اثاثے چھپائے ،  نیویارک میں فلیٹ اور دو بلٹ پروف گاڑیاں ظاہر نہیں کیں ، جے آئی ٹی کے سامنے جھوٹ بولا ۔ عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی جانب سے دائر کر دہ درخواست میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری صادق اور امین نہیں رہے ۔ انہوں نے   آرٹیکل 62 ون ایف کےتحت تاحیات نااہل قرار دینے کی استدعا کردی۔ پی ٹی آئی کے کھلاڑیوں  کی جانب سے نیو یارک کے پوش ایریا میں آصف زرداری کی پارکنگ لاٹ کی ٹیکس رسیدیں بھی بطور ثبوت درخواستوں کے ساتھ منسلک ہیں ۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ درخواستوں کے ساتھ منسلک دستاویزات غیرواضح ہیں۔ اس لیے درخواست گزار اعتراضات دور کرکے درخواست دوبارہ جمع کرائیں۔