Friday, April 19, 2024

زرداری کا نواز شریف سے جیل جانیکا مطالبہ، مریم کا تنقیدی جواب

زرداری کا نواز شریف سے جیل جانیکا مطالبہ، مریم کا تنقیدی جواب
March 16, 2021

آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف اگر جنگ کے لیے تیار ہیں تو لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد کا معاملہ اُنہیں وطن واپس آنا ہوگا، نواز شریف پاکستان آئیں، لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا ہوگا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں  آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی صورت اسمبلیوں کو نہیں چھوڑے گی، پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے، پہاڑوں پر نہیں پارلیمان میں رہ کر لڑتے ہیں، اسٹبلشمنٹ کا کوئی ڈر نہیں ، آخری سانس تک جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔

آصف زرداری نے اہم بیٹھک میں پہلے نواز شریف کو وطن واپس آنے کہا پھر دو ٹوک پیغام دیا کہ ایسے فیصلے نہ کریں جس سے راہیں جدا ہوجائیں۔  ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے اور سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے، یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جمہوری قوتوں نے دھاندلی کا سامنا کیا ہے، اپنی زندگی کے چودہ برس جیل میں گزارے، اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ اسمبلیوں کو چھوڑنا عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، ہمارا انتشار جمہوریت کے دشمنوں کو فائدہ دے گا،پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے، ہم پہاڑوں پر نہیں بلکہ پارلیمان میں رہ کر لڑتے ہیں، اسٹبلشمنٹ کا کوئی ڈر نہیں ، آخری سانس تک جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔

آصف زرداری کے بیان پر مریم نواز نے بھی تنقیدی سوالات کی بوچھاڑ کر دی ، اجلاس میں بولیں کہ نیب کی تحویل میں میاں صاحب کی زندگی کو خطرہ ہے، نوازشریف کو جیل میں 2ہارٹ اٹیک ہوئے، آپ گارنٹی دیں کہ کوئی خطرہ نہیں، آپ پاکستان میں ہونے کے باوجود ویڈیو لنک سے شریک ہوتے ہیں، ن لیگ کا شکریہ ادا کرنے کی بجائے اسحاق ڈار کے ضائع ہونے والے ووٹ کا ذکر کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ  جھوٹے فیصلوں، غیرقانونی کھیل اور سیاسی انتقام کے باوجود وہ پیش ہوئے اور جیل گئے، کوئی بھی جیل کا سامنا نہ کرنے کا الزام محمد نوازشریف پر نہیں لگاسکتا، آپ کی باتوں سے دکھ ہوا، مریم کے شکوے پر زرداری نے معذرت کرلی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب میری والدہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر پاکستان آئے، میرے والد نے میرے سامنے اور میرے ساتھ نیب کی 150 پیشیاں پاکستان میں بھگتیں، مجھے بھی والد کے سامنے گرفتار کیا گیا۔ جو کیسز کی حقیقت ہے وہ سب کے سامنے ہے، آپ نے جو باتیں کیں اُس سے دکھ ہوا، آپکی بیٹی سمجھ کے آپ سے گلہ کرنا اپنا حق سمجھا۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے مریم نواز کو جواب دیا کہ اگر بیان سے کوئی دکھ پہنچاہے تو معذرت خواہ ہوں۔  
جس پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اُن کا مقصد معذرت کرانا نہیں تھا۔ وہ بھی بختاور اورآصفہ کی طرح آصف زرداری کی عزت کرتی ہیں۔اس بات کو یہاں اب ختم کردیں۔