Wednesday, April 24, 2024

آصف زرداری اور فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 10،10روز کی توسیع

آصف زرداری اور فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 10،10روز کی توسیع
July 29, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری  اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں  10،10روز کی توسیع کر دی گئی ۔ سابق صدر آصٖ زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا ۔ دونوں کیسز کی الگ الگ سماعت ہوئی ۔آصف علی زرداری کے کیس میں نیب نے ان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی  ، عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 10روز کی توسیع کرتے ہوئے 8 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پراحتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا ۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزمان سے تفتیش کے لیے ان کے  جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 دن کی توسیع کی استدعا کی گئی ۔ دوران سماعت آصف زرداری روسٹرم پر آ گئے  اور کہا کہ جسمانی ریمانڈ میں عید کے بعد تک توسیع کر دیں۔ جج احتساب عدالت نے کہا عید کے بعد رکھ نہیں سکتے، ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ ریمانڈ دو ہفتوں کا ہو سکتا ہے ،  آپ بیٹھنا چاہیں تو بیٹھ سکتے ہیں۔ لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا یہ عدالتی کارروائی سننا چاہتے ہیں۔ عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف زرداری اور فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 10 دن کی توسیع کردی اور انہیں مزید تفتیش کے لیے نیب کے حوالے کر تے ہوئے 8 اگست کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کر نے کا حکم دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر  تفتیش میں پیش رفت سے آگاہ کرنے کا بھی حکم دیا۔