Saturday, April 20, 2024

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کی تباہ کاریاں جاری

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کی تباہ کاریاں جاری
December 8, 2019
سڈنی ( 92 نیوز) آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کی تباہ کاریاں جاری ہیں ، فائر فائٹرز بھڑکتے شعلوں کے آگے بے بس ہوگئے ،  کہتے ہیں قدرت ہی اس آگ کو ٹھنڈا کرسکتی ہے۔ آسٹریلیا  کی ریاستوں نیوساؤتھ ویلز اور کوئنزلینڈ کے جنگلات میں لگی آگ تاحال بے قابو ہے  ،150 مقامات پر بھڑکتے شعلوں نے ہر شے کو تہس نہس کرڈالا۔ خوفناک شعلوں نے فائر فائٹرز کو بھی ہتھیار ڈالنے پر مجبور کردیا جن کا کہنا ہے کہ اب قدرت ہی انہیں ٹھنڈا کرسکتی ہے، اگر بادل نہ برسے تو یہ آگ ہفتوں بھڑکتی رہ سکتی ہے۔ ستمبر سے اب تک 51 لاکھ ایکڑ رقبہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے ، 688 مکانات تباہ ہوگئے جبکہ چھ افراد بھی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ نیوساؤتھ ویلز اور کوئنزلینڈ کی آگ نے ماحولیاتی آلودگی کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے ، ملحقہ شہر سڈنی تک دھویں کی لپیٹ میں آچکا ہے، جہاں لوگوں کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔