Friday, March 29, 2024

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی
January 2, 2020
کینبرا ( 92 نیوز) آسٹریلیا  کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی، ریاست نیو ساؤتھ ویلز سے جان بچانے کے لیے ہزاروں افراد کا انخلاء،ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ دو سو سے زائد مقامات پر لگی آگ نے آسٹریلین ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا میں تباہی مچا دی ، ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ہزاروں افراد کا انخلا جاری ہے۔  سپر مارکیٹس اور پٹرول پمپس کے باہر طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں تاہم کئی دکانوں اور فیول اسٹیشنز کے پاس سپلائی ختم ہو چکی ہے۔ آگ کے خدشے کی وجہ سے بڑی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے، لوگوں کو بس چند روٹس ہی دستیاب ہیں جس کی وجہ سے باہر جانے کے لیے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ چکی ہیں۔ ریاست وکٹوریا میں بھی آسٹریلوی فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں،  5 فوجی ہیلی کاپٹر اور 2 نیوی جہاز امدادی سامان اور لوگوں کو نکالنے کیلئے پہنچ چکے ہیں  جب کہ ابھی تک 17 افراد بھی لاپتہ ہو چکے ہیں۔ جنگلات میں لگی آگ کے دھویں نے دارالحکومت کینبرا کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی بدترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ شہر میں پوسٹل سروس، میڈیکل ادارے اور کئی کاروبار لوگوں کی صحت کے پیش نظر بند کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن کا کہنا ہے کہ حکومت کی ترجیح آگ پر قابو پانا اور لوگوں کا انخلاء ہے نا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں۔