Thursday, April 18, 2024

آزادی مارچ لاہور سے اسلام آباد کی طرف روانہ

آزادی مارچ لاہور سے اسلام آباد کی طرف روانہ
October 31, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) جمعیت علماء اسلام  کا آزادی مارچ لاہور سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہو گیا ، گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں استقبال کی تیاریاں جاری ہیں ۔  قافلہ رات گوجر خان میں  قیام کرے گا اور  کل صبح منزل کی جانب پھر رواں ہو گا۔ آزادی مارچ کا قافلہ لاہور سے روانہ ہو کر اسلام آباد کی طرف بڑھ رہا ہے ،  جے یو آئی ف کی جانب سے گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں قافلے کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں ۔ قافلہ آج رات گوجر خان میں  قیام کے بعد کل صبح  اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گا۔  امیر جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے  کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  آزادی مارچ مزید سخت ہوگا ،یہ دھرنا نہیں ،تحریک ہے ، اسلام آباد پہنچ کر مطالبات سامنے رکھیں گے ، وزیراعظم ان کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے استعفیٰ دے دیں۔ [caption id="attachment_248957" align="alignnone" width="500"]   آزادی مارچ ‏  لاہور ‏  اسلام آباد ‏  ‏92 نیوز ‏  جمعیت علماء اسلام ‏  گوجرانوالہ آزادی مارچ لاہور سے اسلام آباد کی طرف روانہ ‏[/caption] آزادی مارچ کے دو قافلے اسلام آباد میں مختلف راستوں سے داخل ہوں گے ، مرکزی قافلہ ٹی چوک سے اسلام آباد ایکسپریس  وے پر آئے گا ، فیض آباد سے گزرتا ہوا زیرو پوائنٹ سے کشمیر ہائی وے میں داخل ہو گا اور پشاور موڑ جلسہ گاہ پہنچے گا  ۔ دوسرا قافلہ کے پی کے سے مولانا عطاءالرحمان،اکرم درانی کی قیادت میں ترنول سے کشمیر ہائی وے میں داخل ہوگا۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلی کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی۔ دھرنا کے پیش نظر شہر کے تمام پرائیویٹ سکولز کل بند رہیں گے، سیکرٹری پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حالات دیکھ کر ہی فیصلہ کریں گے سکولز کب سے کھولیں۔ دوسری جانب  جلسہ گاہ کی تیاری پر تیزی سے کام جاری ہے، جلسہ گاہ کے آس پاس کینٹینر لائیٹنگ اور واش رومز کا انتظام کیا جارہا ہےْ، آزادی مارچ کے پہنچنے سے پہلے جلسہ گاہ مکمل تیار ہوگا۔