Friday, March 29, 2024

آزادی مارچ روکنے کیلئے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے

آزادی مارچ روکنے کیلئے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے
October 26, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) آزادی مارچ روکنے کیلئے حکومتی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ صوبائی بارڈرز کے بعد شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی کنٹینرز پہنچا دیئے گئے۔ آزادی مارچ کو روکنے کیلئے تیاریاں زور پکڑ گئیں۔ اسلام آباد آنے والی تمام اہم شاہراہوں پر کنٹینرز رکھ دئیے گئے۔ صوبوں کو ملانے والے شاہراہوں پر بھی کنٹینرز کی بھرمار نظر آرہی ہے۔ حکومت نے اسلام آباد کے ڈی چوک کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر سیل کر دیا جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور میں آزادی مارچ کے سامنے رکاوٹیں حائل کر دی گئیں۔ شہر میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ شفیق آباد، راوی روڈ اور شیرا کوٹ سے درجنوں کنٹینرز پکڑ لئے گئے۔ لاہور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز رکھ دئیے گئے۔ حکومت نے غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے دو ہزار کنٹینرز کو بھی پکڑ لیا ہے۔ سندھ اور بہاولپور سے آنے والے قافلوں کو روکنے کیلئے کنٹینرز اہم شاہراہوں پر موجود ہیں ۔ فیصل آباد انٹرچینج پر بھی کنٹینرز پہنچا دیئے گئے۔ پنجاب اور خیبرپخونتخوا کو ملانے والی اٹک شاہراہ پر بھی کنٹینرز کی بھرمار ہے۔ اٹک پولیس نے ضلع بھر میں 200 سے زائد کنٹینرز پکڑ کر اسٹینڈ بائی کر دیئے جبکہ ریت سے بھرے 240 ڈمپر بھی سڑک کے کناروں پر گرا دئیے گئے۔ پولیس کی جانب سے سوات ایکسپریس وے پر بھی کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں ۔ خانیوال شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پرکنٹینرز موجود  ہیں۔ دوسری طرف حکومتی پکڑ دھکڑ کے خلاف گڈز ٹرانسپورٹرز نے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ قصور پولیس کو اسلام آباد کا رخ کرنے والے کارکنوں کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔