Saturday, April 20, 2024

آزاد جموں و کشمیر کا 141.4 ارب حجم کا بجٹ قانون ساز اسمبلی میں پیش

آزاد جموں و کشمیر کا 141.4 ارب حجم کا بجٹ قانون ساز اسمبلی میں پیش
June 29, 2021

مظفرآباد (92 نیوز) آزاد جموں و کشمیر کا بجٹ 2021-2022 قانون ساز اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔نئے مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 141.4 ارب روپے رکھا گیا، ترقیاتی اخراجات کیلئے 28ارب روپے مختص کیے گئے۔

آزاد جموں و کشمیر کا بجٹ 2021-2022 ریاستی وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا۔ آزاد کشمیر کے نئے مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 141.4 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ ترقیاتی اخراجات کے لئے 28 ارب جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے 113 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کی نسبت اس مرتبہ ترقیاتی بجٹ میں 14فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ ترقیاتی بجٹ میں سب سے زیادہ 10 ارب روپے ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سیکٹر کے لئے مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔

نئے مالی سال میں دو ارب روپے کے فارن ایڈ منصوبے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ نئے بجٹ میں اڑھائی ارب روپے کا "کیپیٹل /ڈویژنل ڈویلپمنٹ پیکیج "کا منصوبہ متعارف کرایا جا رہا ہے۔ مظفرآباد، راولاکوٹ اور میرپور شہر کو نئے پیکیج کے تحت ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔ بجٹ میں وزیراعظم کمیونٹی انفرااسٹرکچر پروگرام کے فنڈز میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں دیہی رابطہ سڑکوں کے منصوبے کو شامل نہیں کیا گیا۔ دارالحکومت مظفرآباد کے اندر 200 بستر کا ہسپتال اور ٹراما سینٹر کے قیام کے لئے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

وزیرخزانہ نے ایوان کو بتایا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے ٹورزم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ مظفرآباد سے منگلا تک دریا کے ساتھ کشمیر ہائی وے کی تعمیر کے لئے 5ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے جبکہ بجلی کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے 22 میگا واٹ کا جاگراں فور منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔