Thursday, April 18, 2024

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر
December 26, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر  کر دی گئی ،  حکومت نے نظرثانی درخواست پر سماعت کیلئے لارجر بنچ بنانے کی استدعا کر دی ۔ حکومت نے آرمی چیف نظرثانی درخواست کی ان کیمرا سماعت کی بھی استدعا کر دی ،درخواست میں کہا گیا کہ  فیصلے میں اہم آئینی و قانونی نقاط کا جائزہ نہیں لیا گیا، ایڈیشنل اور ایڈہاک ججز کو بھی سپریم کورٹ ماضی میں توسیع دیتی رہی، عدالت نے ججز توسیع کیس کے فیصلوں کو بھی مدنظر نہیں رکھا۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع  کیلئے نظر ثانی درخواست دائر کرنے کے لئے وزارت قانون اور وزارت دفاع بھی متحرک ہو گئے ،   وزارت قانون میں نظر ثانی درخواست  دائر کرنے کیلئے اہم اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سپریم کورٹ نے  آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع  کی ہے ، 1عدالت نے 3 صفحات پر مشتمل جاری فیصلے  میں کہا آرمی چیف کی توسیع آج رات 12 بجے سے شروع ہوگی اور موجودہ تقرری قانون سازی سے مشروط ہوگی۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ عدالت اس معاملہ پر تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، عدالت مناسب سمجھتی ہے یہ معاملہ پارلیمنٹ پر چھوڑ دیا جائے۔ آرمی چیف کی سروس کی شرائط اور مدت کو قانون سازی کے ذریعے کلیریفائی کرے ، پارلیمنٹ آرٹیکل 243 کے دائرہ اختیار کو بھی واضح کرے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا جنرل قمرجاوید باجوہ 6 ماہ تک بطورآرمی چیف اپنی خدمات جاری رکھیں گے، نئی قانون سازی آرمی چیف کی مدت اور قواعد و ضوابط کا تعین کرے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی توسیع کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا ،  وفاقی حکومت اس معاملے پر اپنا موقف بدلتی رہی،کبھی آرٹیکل 243 اور کبھی ریگولیشن 255 پر انحصار کیا گیا۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اٹارنی جنرل کی معاونت سے ہم آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے کوئی قانونی نقطہ تلاش نہیں کر پائے، کیا آرمی چیف کو ری اپوائنٹ یا توسیع دی جا سکتی ہے؟ ایسا کوئی نقطہ نہیں ملا۔ عدالت کا کہنا تھا اٹارنی جنرل کے ہمارے سوالات پر جوابات پاکستان آرمی میں رائج روایات پر منحصر تھے، اٹارنی جنرل نے واضح یقین دہانی کرائی ہے جو روایات ہیں انہیں قانونی شکل دی جائے گی۔