Thursday, April 25, 2024

آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ 92 نیوز نے حاصل کر لیا

آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ 92 نیوز نے حاصل کر لیا
January 2, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ 92 نیوز نے حاصل کرلیا۔ مدت ملازمت میں توسیع زیادہ سے زیادہ تین سال کی ہو گی۔ مسودے میں آرٹیکل 243 میں ترمیم کے ساتھ آرمی ایکٹ 1952 میں ایک نیا چیپٹرشامل کیا گیا ہے ۔ مسودے کے مطابق نئے آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کی سفارش پر صدر مملکت کریں گے۔ آرمی چیف کو 3 سال کی توسیع دی جاسکے گی۔ مسودے کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی ، دوبارہ تعیناتی اور توسیع کو عدالت میں کسی صورت چیلنج نہیں کیا جاسکے گا۔ آرمی چیف پر جنرل کی مقرر کردہ ریٹائرمنٹ کی عمر کا اطلاق  بھی نہیں ہو گا۔ اپنی مدت تعیناتی کے دوران ریٹائرمنٹ کی عمر آنے پر بھی آرمی چیف رہیں گے۔ مسودے کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ، آرمی،نیوی یا فضائیہ کے سربراہوں میں سے کسی کو بھی تعینات کیا جاسکتا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی مدت تعیناتی تین سال ہو گی ۔ ٹرمز اینڈ کنڈیشنز وزیراعظم کی سفارش پر صدر مملکت طے کریں گے۔ پاکستان آرمی کے سینئر جنرل کو بھی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بنایا جاسکتا ہے۔ ترمیمی ایکٹ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار بھی دیدیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی سفارش پر صدر مملکت 3 سال تک توسیع دے سکتے ہیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تعیناتی، دوبارہ تعیناتی اور توسیع کو بھی کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکے گا۔