Thursday, March 28, 2024

آذربائیجان اور آرمینیا کی متنازعہ علاقے نیگور نو کراباغ پر جھڑپ،24 سے زائد افراد ہلاک

آذربائیجان اور آرمینیا کی متنازعہ علاقے نیگور نو کراباغ پر جھڑپ،24 سے زائد افراد ہلاک
September 28, 2020

آذربائیجان ( 92 نیوز) آذربائیجان اور آرمینیا کے متنازعہ علاقے نیگورنو کراباخ پر شدید جھڑپوں میں دو درجن کے قریب افراد مارے گئے، دونوں ممالک میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔ آذر بائیجان نے سٹریٹجک پہاڑ سمیت کراباخ کی کئی اہم فوجی پوزیشنز پر قبضہ کرلیا۔ پاکستان سمیت عالمی برادری نے جنگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

متنازعہ خطہ دوممالک میں جنگ کا باعث بن گیا ، آذربائیجان اور آرمینیا نیگورنو کراباخ پر ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے ، شدید لڑائی میں جنگی ہیلی کاپٹرز ، توپ خانے اور بھاری اسلحے کے استعمال میں متعدد افراد مارے گئے۔

آرمینیا نے آذربائیجان پر فضائی اور توپ خانوں سے حملوں کا الزام لگاتے ہوئے اس کے ہیلی کاپٹر گرانے اور ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ آذربائیجان کے صدرالہام علیئف کا کہناہے انہوں نےآرمینیائی حملوں کے جواب میں بڑے پیمانے پر کارروائی کا حکم دیا۔

نیگورنو کراباخ عالمی سطح پر آذربائیجان کا حصہ ہے تاہم آرمینیا نےوہاں کے علیحدگی پسند گروہوں کو اپنے ساتھ ملاکر جنگ چھیڑ رکھی ہے، جھڑپوں میں علیحدگی پسند، دونوں ممالک کے فوجیوں اور عام شہریوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ترکی اور پاکستان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آرمینیا پر زور دیا ہے کہ وہ جارحیت سے باز رہے ، ادھر اقوام متحدہ، روس، امریکا سمیت عالمی برادری نے جنگ بندی کامطالبہ کیا جبکہ ایران نے مذاکرات کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔