Wednesday, April 24, 2024

آج 12بجکر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا

آج 12بجکر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا
July 15, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) آج 12بجکر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہو گا ۔ ظہر کی اذان پر مکہ مکرمہ میں دن کے بارہ بجکر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگااس وقت سورج کا سایہ ختم ہوجائے گا۔مسلمان اپنے قبلے کی سمت کا تعین بھی کرسکیں گے، یہ سال رواں 2020 کے دوران اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہوگا۔

دن12 بج کر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آجائے گا جس کی وجہ سے اس لمحے سورج کا اپنا کوئی سایہ نہیں ہوگا،سورج کے خانہ کعبہ کے اوپر آنے کے وقت مکہ مکرمہ سے دور دراز علاقوں میں بسنے والے مسلمان  قبلے کی جہت متعین کرسکیں گے۔

فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہرہ کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ کے اوپر سورج کے نمودار ہونے کے وقت  کرہ ارض کے محور کا میلان 23.5 ڈگری کے زاویے پر ہوگا- اس کے باعث سورج بظاہر شمال میں السرطان اور جنوب میں الجدی کے درمیان منتقل ہورہا ہوگا۔

ماجد ابو زاہرہ کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں جب سمت کی نشاندہی کرنے والے جدید وسائل اور ترقی یافتہ ٹیکنالوجی میسر نہیں تھی تب عرب اور مسلم ممالک کے باشندے اسی بنیاد پر قبلے کا رخ متعین کیا کرتے تھے۔