Friday, March 29, 2024

آتشزدگی کے واقعات کے بعد پشاور بی آرٹی کا آپریشن عارضی طور پر معطل

آتشزدگی کے واقعات کے بعد پشاور بی آرٹی کا آپریشن عارضی طور پر معطل
September 16, 2020
 پشاور (92 نیوز) آتشزدگی کے پے در پے واقعات کے بعد پشاور بی آرٹی کا آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ ترجمان ٹرانس پشاور محمد عمیر خان کے مطابق بس ساز کمپنی کے ماہرین بی آر ٹی کی تمام بسوں کا از سر نو جائزہ لیں گے۔ بی آر ٹی بسوں میں آگ لگنا معمول بن گیا۔ پشاور میں ایک اور بس کو آگ لگ گئی تو سواریوں کو بحفاظت اتار لیا گیا تاہم چوتھی بار فیڈر بس میں آگ لگنے کے بعد ٹرانس پشاور نے بی آر ٹی سروس معطل کر دی۔ ٹرانس پشاور کے مطابق  سروس کی دوبارہ بحالی کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ گزشتہ 33 روز میں  بی آر ٹی بسوں میں 3 بار آگ لگنے کے واقعات رونما ہوئے تو اس کی وجوہات جاننے کے لئے بی آر ٹی بسیں بنانے والی چینی کمپنی کی پانچ رکنی ٹیم پشاور پہنچی تھی۔ اب مزید 5 اور ماہرین پشاور پہنچ گئے۔ بس کمپنی نہ صرف آگ لگنے کے واقعات کا جائزہ لے رہی ہے بلکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کے لئے اقدامات بھی تجویز کرے گی۔