Wednesday, April 24, 2024

آئی جی سندھ کو ہٹانے کی سمری وفاق کو ارسال

آئی جی سندھ کو ہٹانے کی سمری وفاق کو ارسال
January 16, 2020
کراچی (92 نیوز) آئی جی سندھ کو ہٹانے پر کراچی سے لیکر اسلام آباد تک رابطے، کاغذی کارروائی اور الزامات کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی حکومت نے کلیم امام کو ہٹانے کی سمری وفاق کو ارسال کردی، آئی جی کے امریکی سفارتخانے سے براہ راست رابطے کی دستاویز بھی منظر عام پر آگئی، مرتضیٰ وہاب نے کہا آئی جی کی تبدیلی کیلئے وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے بات کی تھی۔ آئی جی سندھ کو ہٹانے کیلئے سندھ سے وفاق تک رابطے،ملاقاتیں اور انکشافات اور الزامات کا سلسلہ جاری، کلیم امام کو ہٹانے کی وجوہات کے ساتھ سندھ حکومت کی سمری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال، نیا آئی جی لگانے تک عارضی چارج دینے کی درخواست کردی گئی، مرتضیٰ وہاب نے الزامات کی پٹاری بھی کھول دی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا آئی جی کو ہٹانےکا فیصلہ یکطرفہ نہیں کیا،وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے ملاقات میں بھی اس معاملے پر بات کی تھی، وزیر بلدیات ناصر شاہ کہتے ہیں خوامخواہ معاملے کو متنازعہ بنایا گیا، ساتھ ہی یہ مشورہ بھی دیا کہ کلیم امام خود منصب چھوڑدیں۔ آئی جی سندھ کے تنازع اور دیگر انتظامی فیصلوں پر 4 روز کے دوران وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی مرادعلی شاہ کے درمیان دوسرا ٹیلفونک رابطہ ہوا جس میں طے پایا آئی جی سندھ کی تقرری کا معاملہ مشاورت سے حل کریں گے صوبائی حکومت کے بجائے وفاق نام تجویز کرے گا۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کے غیرملکی سفارت خانے سے براہ راست رابطے کی دستاویز بھی منظر عام پر آگئیں، امریکی سفارت خانے نے سندھ پولیس کو میامی میں تربیتی کورس کیلئے5افسران کے نام مانگے،سندھ پولیس نے حکومت کو بتائے بغیر نام تجویز کردیئے جو سروس رولز کی خلاف ورزی ہیں۔ آئی جی سندھ کی تبدیلی کیلئے سندھ حکومت کے وفاق کو لکھے گئے خط کی کاپی 92 نیوز نے حاصل کرلی، سندھ حکومت نے نئے آئی جی کیلئے3نام وفاق کو بھیج دیئے، مشتاق مہر، غلام قادر تھیبو اور کامران فضل  کے نام تجویز کئے گئے۔