Thursday, March 28, 2024

آئندہ ہفتے سے کتوں کو ویکسین لگانے کی مہم شروع کی جائیگی

آئندہ ہفتے سے کتوں کو ویکسین لگانے کی مہم شروع کی جائیگی
November 21, 2019
کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے ایک لاکھ سے زائد واقعات کے بعد سندھ سرکار جاگ گئی  اور آئندہ ہفتے  سے کتوں کو ویکسین لگانے کی مہم شروع کی جائے گی ، ویکسین کے بعد کتوں کے کاٹنے کا اثر نہیں ہوگا ۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں آوارہ کتوں کی بھرمار  ہے ، 20 سے زائد افراد کی ہلاکتوں اور لاکھوں شہریوں کو کاٹے جانے کے بعد سندھ سرکار کی آنکھیں کھل گئیں  ، سندھ حکومت نے کتوں کو ویکسین دینے کا فیصلہ کرلیا ۔ آئندہ ہفتے سے سندھ کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں آوارہ کتوں کو قابو کیا جائے گا  ، جس کے بعد ویکسین دی جائے گی  ، شہریوں کو بچانے کیلئے آوارہ کتوں کیلئے ویکسین این جی او نے سندھ حکومت کو فراہم کردی ہے ۔ ویکسی نیشن کے بعد آوارہ کتوں کے کاٹنے کا اثر نہیں رہے گا ، جس کے باعث شہری بھی متاثر نہیں ہوں گے  ، آوارہ اور پاگل کتوں کو پکڑنے والے اسٹاف کو بھی ویکسین دی جائے گی ۔ دوسری جانب محکمہ بلدیات نے آوارہ کتے پکڑنے کیلئے  بلدیاتی کونسلز کے عملے کو تربیت دینے کا بھی منصوبہ تیار کرلیا  ،  "جنگ" نامی منصوبے کے تحت عملے کو کتے پکڑنے اور نس بندی کی تربیت دی جائے گی ۔