Sunday, September 8, 2024

اویس شاہ ایک ماہ بعد ٹانک سے بازیاب‘ کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک

اویس شاہ ایک ماہ بعد ٹانک سے بازیاب‘ کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک
July 19, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سکیورٹی فورسز کو بڑی کامیابی مل گئی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے اویس علی شاہ کو ٹانک سے بازیاب کرا لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے وزیر ستان کے قریب ٹانک کے علاقے میں کامیاب آپریشن کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کو بازیاب کرا لیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اویس شاہ سکیورٹی فورسز کی حفاظت میں ہیں جن کو آج والدین کے حوالے کیا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹانک کے قریب چیک پوسٹ پر ایف سی اور حساس اداروں نے ایک گاڑی کو روکا لیکن گاڑی میں سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں تینوں اغواکار مارے گئے۔ دہشت گرد اویس شاہ کو نیلے رنگ کی گاڑی میں برقع پہنا کر افغانستان لے جا رہے تھے۔ اغوا کاروں کی گاڑی سے کلاشنکوف کی گولیاں، ہینڈ گرنیڈ اور تین مشین گنیں برآمد ہوئی ہیں۔ خیال رہے کہ اویس شاہ کو بیس جون کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایک شاپنگ سنٹر کے باہر سے اغوا کیا گیاتھا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو گئے تاہم اویس شاہ کی بازیابی کے آپریشن کو انتہائی خفیہ رکھا گیا ہے۔