Wednesday, May 8, 2024

اوگرا نے گیس مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا

اوگرا نے گیس مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا
February 4, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا تو اوگرا نے گیس 10 سے 35 فیصد مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ عارضی طورپر موخر کردیا گیا۔ گیس پریشر میں کمی کے باوجود گیس بلوں کے اضافے نے  سب کو حیران کر دیا ، ساتھ ہی وزارت توانائی کی کارگردگی کا پول بھی کھول دیا۔ چینل 92 نیوز نے دسمبر تا فروری ناقابل برداشت بلوں کی نشاندہی کی تو وزیراعظم عمران خان میدان میں آگئے  ، گھریلو صارفین کیلئے گیس بلوں میں اضافہ کا نوٹس لیتے ہوئے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنا نامناسب قرار دے دیا ۔ وزیر اعظم نے  وزیر پیرولیم غلام سرور کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کردی  ۔ وزیر اعظم کے نوٹس کے بعد  گیس کے ماہانہ بلوں میں اضافے کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی گئی ، کمیٹی گیس کے بلوں میں اضافے کے اسباب اور وجوہات کا جائزہ لے گی ۔ کمیٹی تحقیقات کی روشنی میں بلوں کے نظام میں ترامیم کی سفارش بھی کرسکے گی۔ دوسری جانب اوگرا کی جانب سے گیس 10 تا  35 فیصد مزید مہنگی کرنے کی تیاری بھی مکمل ہوچکی تھی لیکن بھاری بلوں کے ایشو کے باعث اضافے کا فیصلہ عارضی طورپر موخر کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین انرجی ٹاسک فورس ندیم بابر چار ماہ گذرنے کے باوجود عوامی ریلیف کیلئے کوئی سفارشات پیش نہ کرسکے،  گھریلو صارفین کو ہزاروں روپے کے گیس بلوں سے بچانا ممکن تھا مگر پٹرولیم ڈویژن کو گمراہ کیا گیا۔