Friday, March 29, 2024

اوگرا نے گیس قیمتیں بڑھانے کے لئے تیاری شروع کر دی

اوگرا نے گیس قیمتیں بڑھانے کے لئے تیاری شروع کر دی
April 11, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) پیٹرول ،بجلی کے بعد اب گیس کی قیمتیں بڑھانے کے امکانات ظاہر ہونے لگے ہیں۔ مہنگائی کا سونامی سر اٹھانے لگا۔ اوگرا نے گیس قیمتیں بڑھانےکے لئے تیاری شروع کر دی۔

 اوگرا نے گیس مہنگی کرنے کیلئے قانونی عمل شروع کر دیا۔ سوئی سدرن کی درخواست پر گیس 108روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ سوئی نادرن کی درخواست پر گیس 111روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ اوگرا نے سوئی سدرن کی درخواست پر کراچی میں سماعت مکمل کر لی۔

ذرائع کے مطابق گیس کمپنیوں کی ریونیو کی ضرورت پوری کرنے کیلئے عوام سے 250 ارب روپے سے زائد وصول کیے جائیں گے۔ آئی ایم ایف نے پرگروام کے حصول کیلئے گیس نرخوں میں اضافے کی بنیادی شرط عائد کی ہے۔

 مہنگائی کے خوفناک طوفان کے باعث سی این جی سمیت مختلف شعبوں نے گیس مہنگی کرنے کی مخالفت کر دی۔