Thursday, May 2, 2024

اوگرا نے گیس 32 فیصد مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

اوگرا نے گیس 32 فیصد مہنگی کرنے کی منظوری دے دی
May 18, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) اوگرا نے گیس 32 فیصد مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ پٹرولیم ڈویژن حکام  کے مطابق سوئی نادرن کے گیس ٹیرف میں 237 روپے جبکہ سوئی سدرن کے گیس ٹیرف میں 160 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوگا۔ گھریلو صارفین کے ٹیرف میں 4 تا 32 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد ہو گا۔ پٹرولیم ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ گیس کمپنیوں کے اوسط مجوزہ ٹیرف میں اضافہ کیا گیا ہے۔ حتمی قیمت وفاقی حکومت طے کرے گی۔ ڈالر کی قدر،گیس کی پیداواری قیمت میں اضافہ اورگذشتہ سالوں کی ریکوری وجہ بنی۔ گھریلو صارفین کو موسم سرما میں بھاری بلوں سے بچانے کیلے اوگرا نے حل بھی تجویزکیا ہے۔ گھریلو صارفین کو گذشتہ ایک سلیب کے ٹیرف کا فائدہ حاصل ہوگا۔ وفاقی حکومت کراس سبسڈی کے ذریعے بعض شعبوں کا ٹیرف پر نظرثانی کرے گی۔ اوگرا نے گھریلو صارفین کے ابتدائی دو سلیبز کیلئے  65 فیصد ، تیسرے سلیب کیلئے 43 فیصد جبکہ چوتھے سلیب کے لئے گیس 50 فیصد مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ گھریلو صارفین کے پانچویں اور چھٹے سلیب کیلئے گیس 25 تا 47 فیصد سستی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے گیس قیمتوں میں اضافے سے سوئی نادرن 236 ارب جبکہ سوئی سدرن 159 ارب روپے ریونیو حاصل کرے گی۔ اس طرح عوام پر 395 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔