Wednesday, May 22, 2024

اوکاڑہ کے 6مزدوروں کا خاران میں قتل،حکومت نے تعزیت تک نہ کی

اوکاڑہ کے 6مزدوروں کا خاران میں قتل،حکومت نے تعزیت تک نہ کی
May 6, 2018
اوکاڑہ ( 92 نیوز )بلوچستان کے علاقے خاران میں مزدور دہشت گردوں کی وحشت کا نشانہ بنے مگر ورثا سے کوئی پوچھنے تک نہ آیا ۔ لواحقین کی مالی امداد تو دور کی بات کوئی حکومتی نمائندہ اظہار افسوس کے لئے بھی نہ آیا  ، مجبور اور بے بس لواحقین کا کہنا ہے میتوں کو  بلوچستان سے اوکاڑہ لانے میں  بھی مدد نہیں  کی گئی۔ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین زخموں پر مرہم رکھنے کے منتظر رہے مگر کوئی نہ پہنچا  ، کسی نے مزدوروں کے لواحقین کے آنسو صاف کرنے کی کوشش بھی نہ کی ۔ تحریک انصاف کے رہنما سید صمصام بخاری لواحقین کے گھر پہنچے اور پاکستان تحریک انصاف کے شہداء کے ورثاء کیساتھ کھڑے ہونے کی یقین دہانی کرائی ۔ دوسری طرف  ورثا کا کہنا ہے کہ اظہارافسوس کیلئے  بھی کوئی حکومتی نمائندہ  نہیں پہنچا ، شہداء کی میتوں کولانے کیلئے بھی کسی حکومتی نمائندے یا انتظامیہ نےکوئی تعاون نہیں کیا ۔ مزدوروں کی ہلاکت پر حکومتی بے حسی  کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے کہ کیا جاں بحق ہونے والے انسان نہیں تھے ؟ کیا اُن کے اہلخانہ کی داد رسی نہیں ہونی چاہیے ؟۔