Thursday, March 28, 2024

اوکاڑہ سے واپسی پر عمران خان کے قافلے کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی، پی ٹی آئی کا الزام

اوکاڑہ سے واپسی پر عمران خان کے قافلے کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی، پی ٹی آئی کا الزام
December 18, 2017

لاہور (92 نیوز) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی گیلانی اور تحریک انصاف آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔
پتوکی کے علاقے پھولنگر سے تحریک انصاف اور علی گیلانی میں تنازعہ کھڑا ہوا۔
اوکاڑہ میں جلسہ عام سے واپسی پر پھولنگر کے قریب عمران خان کے قافلے میں گاڑی کو اوور ٹیک کرنے پر علی موسیٰ گیلانی اور عمران خان کے محافظوں میں تلخ کلامی ہوئی۔
پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ علی گیلانی کے محافظوں نے فائرنگ کی اور گولیاں فیصل جاوید کی گاڑی کو لگیں اور ساتھ ہی مقدمے کے اندراج کا بھی اعلان کر دیا۔
دوسری طرف سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی نے میڈیا کا سہارا لیا اور رات گئے پریس کانفرنس کر ڈالی۔
موسیٰ گیلانی نے تحریک انصاف کے الزامات مسترد کر دیئے اور کہا کہ عمران خان کے کانوائے میں شامل گاڑی نے اوور ٹیک کرتے ہوئے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری اور محافظوں نے فائرنگ کی۔
موسیٰ گیلانی لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور آنکھیں بھی نم ہو گئیں۔
دونوں فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث معاملہ سلجھنے کی بجائے الجھتا نظر آ رہا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ صدر پھولنگرنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے قافلے پر فائرنگ کے ثبوت نہیں ملے ۔ ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ حقائق کی روشنی میں ہوگا۔