Friday, May 3, 2024

اوپن مارکیٹ میں ڈالر چار روپے مہنگا ، 151 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اوپن مارکیٹ میں ڈالر چار روپے مہنگا ، 151 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
May 18, 2019

کراچی (92 نیوز) اوپن مارکیٹ میں ڈالر چار روپے مہنگا ہو گیا اور 151 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔

 اسٹاک ایکسچینج میں بھی مندی کا رجحان رہا۔ کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 780 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 3 سال 4 ماہ کی کم ترین سطح 33 ہزار 200 تک گرگیا۔100 انڈیکس میں اب تک 2.36 فیصد کی کمی ہوچکی ہے۔شیئرز کی قیمت کم ہونے سے سرمایہ کاروں کے 105 ارب روپے ڈوب چکے ہیں۔

گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 5 روپے 13 پیسے مہنگا ہو کر 146 روپے 52 پیسے پر پہنچ گیا تھا۔ انٹربینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 148روپے پر جا پہنچا، قیمت میں ایک ساتھ ساڑھے 6 روپے اضافہ ہوا تاہم تھوڑی دیر بعد قیمت میں دو روپے کمی ہوئی اور ڈالر 146 روپے 52 پیسے پر بند ہوا۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت تین روپے بڑھ کر 147 روپے ہو گئی۔ حکومت کے آئی ایم ایف میں جاتے ہی ڈالر بے لگام ہو گیا۔ معیشت کو سہارا دینے کیلئے لیا گیا۔ آئی ایم ایف کا پیکیج معیشت کو تباہ کرنے لگا۔

قرض لینے کے فیصلے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کے بعد ڈالر نے بھی روپے کو رگڑا لگا دیا۔ روپےکی بے قدری پر وزیراعظم کا ایکشن بھی بے سود ہو گیا۔ عمران خان نے ایکس چینج کمپنیز کے وفد سے ملاقات کی۔ انہوں نے زائد ریٹ پر ڈالر فروخت کرنے والی کمپنیوں کےخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا تاہم ڈالر کی اڑان جاری ہے۔