Friday, April 26, 2024

اوورسیز پاکستانیوں کا ڈیم فنڈ کیلئے بھرپور تعاون کا اعلان

اوورسیز پاکستانیوں کا ڈیم فنڈ کیلئے بھرپور تعاون کا اعلان
September 8, 2018
لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ڈیم فنڈ کے قیام کا اعلان ہوتے ہی اوورسیز پاکستانیوں نے بھرپور تعاون کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ڈیم کی تعمیر سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں سے تعاون طلب کر لیا۔ قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے اپیل کی کہ اوورسیز پاکستانی ڈیم فنڈ کے لیے کم از کم ایک ہزار ڈالر عطیہ کریں۔ وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے بعد اوورسیز پاکستانیوں نے عمران خان کی اپیل پر لبیک کہا۔ لوگوں نے اپنی ٹویٹس کے ذریعے مکمل تعاون کا وعدہ بھی کیا۔ ایک خاتون کی جانب سے ڈیم فنڈ کے لیے ایک ہزار امریکی ڈالر عطیہ کیا گیا۔ ایک شخص نے 4 ہزار ریال ڈیم فنڈ کے لیے عطیہ دیا اور کہا کہ وہ عمران خان کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایک خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے سونے کے کنگن بیچ کر ڈیم کے لیے عطیہ دیں گی کیونکہ ڈیم سونے کے کنگن سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ ایک اور اوورسیز پاکستانی کا کہنا تھا کہ اعلان کے بعد اس نے 1 ملین اپنے اہل خانہ کی جانب سے عطیہ کر دئیے ہیں۔ اس کا مزید کہنا تھا کہ اس کام کے لیے آئی ایم ایف کے قرضوں کی ضرورت نہیں ، یہ ہمارا ملک ہے اور ہم ہی اس کو سنبھالیں گے۔