Wednesday, April 24, 2024

اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ

اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ
August 8, 2019
لاہور(روزنامہ 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے امریکی دورے کے بعد پنجاب حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کو دور کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی ٰنے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ان شکایات کے ازالے کے لئے ہر ماہ دو میٹنگز بلانے کا حکم دے دیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب ان شکایات پر ڈپٹی کمشنرز کی پرفارمنس کا جائزہ لے کر وزیر اعلی کو آگاہ کریں گے سیکرٹری برائے وزیر اعلی پنجاب نے چیف سیکرٹری،اآئی جی پولیس ،صوبائی سیکرٹریز کو ایک حکم نامہ جاری کیا ہے کہ حکومت پنجاب کے نوٹس میں آیا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کے حل میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے تعاون نہیں کرتے ۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ میں وہاں مقیم پاکستانیو ں نے بھی پاکستان میں انکی جائیدادوں پر قبضہ گروپس کے قبضوں کی شکایات کیں ،جن کی پشت پناہی بااثر افسران، پولیس اور سیاسی نمائندے کرتے ہیں ۔ اگرچہ پنجاب میں اوورسیز پاکستانی کمیشن کا صوبائی دفتر قائم ہے لیکن کمیشن کے ایک اجلاس میں انکشاف ہوا کہ ضلعی انتظامیہ اور انتظامی محکمے ان شکایات کے ازالے کے لئے عملی اقدامات نہیں کرتے جس کی وجہ سے کمیشن میں دائر درخواستیں پنڈنگ پڑی رہتی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو جائیدادوں پر قبضے کی شکایات بہت زیادہ ہیں جن کے حل کے لئے پولیس اور سول انتظامیہ تعاون نہیں کرتی اورمتاثرین کو عدالتوں اور دفاتر میں چکر لگانا پڑتے ہیں۔