Monday, May 20, 2024

اومیکرون کے پھیلاؤ کے خدشات، حرمین شریفین سمیت تمام مساجد میں ماسک کی پابندی لاگو

اومیکرون کے پھیلاؤ کے خدشات، حرمین شریفین سمیت تمام مساجد میں ماسک کی پابندی لاگو
December 30, 2021 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) کورونا کے ویرینٹ اومیکرون کے پھیلاؤ کے خدشات کے باعث آج سے حرمین شریفین سمیت تمام مساجد میں ماسک کی پابندی لاگو کر دی گئی۔

سعودی عرب نے کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب حرمین سمیت پورے ملک میں نئی پابندیاں لگا دیں۔ مطاف میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے پہلے کی طرح ٹریک بنا دیئے گئے جن پر چلتے ہوئے زائرین طواف کعبہ اور سعی کریں گے۔ زمین پر نشانات کے سٹیکرز بھی چسپاں کر دیئے گئے۔ نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ قائم کرنے  کیلئے مصلوں کی دوبارہ تقسیم بھی کر دی گئی۔

نئی پابندیوں کا اطلاق مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ پر بھی ہو گا۔ نمازیوں کو نماز کے ساتھ ساتھ طواف میں بھی سماجی فاصلہ اختیار کرنا ہو گا۔

کووِڈ-19 کے کیسوں میں اضافے کے پیش نظر  آج صبح 7 بجے سے سعودی عرب بھر میں  بیرونی تقریبات سمیت عوامی مقامات پر لازمی ماسک پہننے کی پابندی دوبارہ نافذ کر دی گئی۔ نمازیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی صحت کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے نماز اور طواف کے دوران پابندیوں پر سختی سے عمل کریں۔

وزارت صحت نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں اس وقت کووِڈ-19 کے39 کیسوں کی حالت تشویش ناک ہیں اور وہ مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔