Saturday, April 27, 2024

اومی کرون کے پھیلاؤ پر کینیڈا نے نائیجیریا اور ملاوی پر سفری پابندیاں عائد کر دیں

اومی کرون کے پھیلاؤ پر کینیڈا نے نائیجیریا اور ملاوی پر سفری پابندیاں عائد کر دیں
December 1, 2021 ویب ڈیسک

اوٹاوا (92 نیوز) کورونا کے نئے وائرس اومی کرون کے پھیلاؤ پر کینیڈا نے افریقی ملک مصر، نائیجیریا اور ملاوی پر بھی سفری پابندیاں عائد کر دیں۔

دنیا میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ کینیڈا نے بھی کئی ممالک کے افراد پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مصر، نائیجیریا اور ملاوی کے شہری کینیڈا کا سفر نہیں کر سکیں گے۔

امریکا نے بھی اپنے ایئرپورٹس پر سخت قوانین لاگو کر دیئے ہیں جن کے تحت امریکا آنے والے تمام مسافروں کو بورڈنگ سے ایک روز پہلے کورونا ٹیسٹ کرانا ہو گا جبکہ آمد کے تین سے پانچ روز بعد دوبارہ ٹیسٹ کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

دوسری طرف ڈبلیو ایچ او نے سفری پابندیوں کی مخالفت کر دی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم کا کہنا ہے کہ سفری پابندیوں سے ’اومی کرون‘ کا پھیلاؤ نہیں روکا جا سکتا۔ کورونا کی نئی قسم کےخلاف معقول اقدامات اٹھائے جائیں۔

سائنسدانوں نے متنبہ کیا ہے کہ احتیاط نہ کی گئی تو وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے کیونکہ اومی کرون میں ری انفیکشن کا خطرہ کورونا وائرس کی دیگر اقسام سے زیادہ ہے کیونکہ اومی کرون کے ڈھانچے میں 50 تبدیلیاں ہیں جن میں سے 32 تبدیلیاں اسپائیک پروٹین میں ہیں جن کے ذریعے وائرس انسانی جسم میں داخل ہوتا ہے۔

امریکی ادارے ایف ڈی اے نے وائرس کیخلاف پہلی دوا کی توثیق کر دی ہے جس کی جلد منظوری کا امکان ہے تاہم امریکی دواساز ادارے موڈرنا کے سربراہ نے واضح کیا ہے کہ موجودہ ویکسین شاید اومی کرون کےخلاف موثر نہ ہو سکیں۔ اومی کرون کےخلاف ویکسین بنانے میں ابھی کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔