Thursday, March 28, 2024

اومی کرون کا پھیلاؤ جاری، نیدرلینڈز، برطانیہ، آسٹریلیا اور ڈنمارک میں نئے کیسز کی تصدیق

اومی کرون کا پھیلاؤ جاری، نیدرلینڈز، برطانیہ، آسٹریلیا اور ڈنمارک میں نئے کیسز کی تصدیق
November 29, 2021 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) یورپ سمیت دیگر ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کا پھیلاؤ جاری ہے۔ نیدرلینڈز، برطانیہ، آسٹریلیا اور ڈنمارک میں نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔ 

نیدرلینڈز میں اومی کرون وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد 3ہفتے کیلئے ریسٹورانٹس، کیفے، میوزیم، سینما گھر شام 5 بجے بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ اسرائیل نے 14 روز کیلئے غیرملکیوں کی آمد پر پابندی لگا دی ہے۔

برطانوی حکام کے مطابق اومی کرون کے 3 کیس سامنے آچکے ہیں، جس کے بعد برطانیہ نے بازاروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں میں ماسک پہننا لازم بنا دیا ہے۔

آسٹریلیا اور ڈنمارک میں 2، 2 کیسز کی تصدیق کر دی گئی، بیلجیئم، اٹلی، بوٹسوانا، ہانگ کانگ اور اسرائیل میں بھی اومی کرون کے مریضوں کی تصدیق کی گئی۔

جنوبی افریقہ سے سڈنی پہنچنے والے 2 مسافروں میں بھی اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، کینیڈا اور ڈنمارک کے بھی2،2 شہریوں میں اومی کرون وائرس پایا گیا ہے۔

ادھر جنوبی افریقہ نے شکوہ کیا ہے کہ اسے کووڈ 19 کی نئی قسم کی دریافت پر داد کے بجائے سزا دی جا رہی ہے، صدر سیرل راماپوساکا کہنا ہے کہ سفری پابندیاں ناانصافی پر مبنی اور افسوسناک ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے بھی سفری پابندیوں کی مخالفت کردی ہے، ڈیلیو ایچ او حکام کا کہنا ہے کہ حکومتوں کو سفری پابندی عائد کرنے کے بجائے سائنسی بنیادوں پر فیصلہ لینا چاہئے۔

ادھر طبی حلقوں نے اومیکرون پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شواہد سے پتا چلتا ہے کہ اس کے پھیلاؤ کا خطرہ دیگر اقسام کی نسبت زیادہ ہے، جبکہ امریکی صدر کے چیف میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر فاؤچی نے اومی کرون سے بچنے کیلئے بوسٹر شاٹ لگوانے کی تجویز دے دی ہے، یہ تجویز انہوں نے صدر بائیڈن سے ملاقات کے دوران دی۔