Friday, March 29, 2024

اومی کرون سے متاثرہ خاتون نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی تھی، نوشین حامد

اومی کرون سے متاثرہ خاتون نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی تھی، نوشین حامد
December 14, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد کہتی ہیں کہ اومی کرون سے متاثرہ خاتون نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی تھی۔

چینل 92 نیوز کے پروگرام ’’ صبح سویرے پاکستان ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد نے کہا کہ متاثرہ خاتون تین دن علاج کے بعد صحت یاب ہوچکی ہیں۔ ویکسین کی ابتدائی ڈوز مکمل کرنے والے بوسٹر ویکسین بھی لگوائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ویکسین ہی وائرس سے بچا سکتی ہے، اومی کرون کی علامات دیگر ویرینٹ سے تھوڑی مختلف ہے۔ اومی کرون سے متاثر شخص کو کمزوری کا احساس زیادہ ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اومی کرون سے متاثرہ شخص کو اسپتال جانے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ پاکستان میں بوسٹر ویکسین شروع کردی گئی ہے۔  ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو بوسٹر ویکسین لگائی جارہی ہے۔

نوشین حامد مزید بولیں کہ ویکسین تمام سینٹرز پر موجود ہیں، بوسٹر ڈوزز بھی رجسٹرڈ ہوجائیں گی۔ 12 سال کی عمر سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے، 35 فیصد آبادی مکمل طور پر ویکسین لگوا چکی ہے۔