Sunday, April 28, 2024

اومی کرون، این سی او سی کی کیٹگری سی ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی

اومی کرون، این سی او سی کی کیٹگری سی ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی
December 6, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کے پھیلاؤ کے مدنظر کیٹگری سی میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کی آمد پر پابندی لگادی۔

سوموار کے روز نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی) کا اجلاس ہوا، جس میں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی نے کورونا کے اومیکرون ویرئنٹ کے پھیلاؤ کے باعث کیٹگری سی ممالک کے مسافروں کے پاکستان آنے پر پابندی لگا دی۔ کیٹگری سی کے ممالک سے ضروری سفر کی صورت میں استثنٰی کے لیے قائم خصوصی کمیٹی سے سرٹیفکیٹ لینا ہوگا۔

کیٹگری سی ممالک کی فہرست میں جنوبی افریقہ، یوکرائن، کروشیا، ہنگری، نیدرلینڈ اور آئرلینڈ شامل ہیں۔ سلووینہ، ویتنام، پولینڈ، زمبابوے، نمیبیا، لیسوتھو، ایسواتینی اور بوٹسوانا کو بھی کیٹگری سی ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے کورونا ویکسین لگوانا لازم ہو گی۔ پاکستان کا سفر کرنے والے چھ سال سے زائد عمر کے کے افراد کے لیے پی سی آر ٹیسٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

این سی او سی کے مطابق کم المدتی ویزے پر کیٹگری سی ممالک جانے والے پاکستانی شہریوں اور ان ممالک سے بے دخل کئے جانے والے افراد کو استثنیٰ کے سرٹیفکیٹ کے بغیر واپس آنے کی اجازت ہو گی۔

ویزہ یا اماراتی آئی ڈی کی مدت ختم ہونے اور غیر قانونی تارکین وطن کو پاکستان آمد کیلئے ضروری ویکسینیشن کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ کسی بیماری میں مبتلا افراد، حاملہ خواتین اور جزوی ویکسین لگوانے والوں کو بھی لازمی ویکسینیشن سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔