Friday, March 29, 2024

اومنی گروپ کی دبئی میں کراؤن ٹریڈنگ کمپنی کا انکشاف

اومنی گروپ کی دبئی میں کراؤن ٹریڈنگ کمپنی کا انکشاف
August 28, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) جعلی بنک اکائونٹس سے اربوں روپے منتقلی کے معاملہ پر ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ میں اومنی گروپ کی امارات میں ٹریڈنگ کمپنی ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ جعلی بنک اکائونٹس سے اربوں روپے منتقلی کا معاملہ پر ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ میں کئی انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اومنی گروپ کی دو مزید کمپنیاں عمیر ایسو سی ایٹس اور پلاٹینم ایل پی جی  بھی ہیں جن کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔ اومنی گروپ کی دبئی میں کراون نامی ٹریڈنگ کمپنی بھی ہے جس کا لائسنس نازلی مجید، نورنمر مجید اور منہال مجید کے نام ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دبئی کے فارن اکائونٹس سے  برطانیہ میں جائیداد خریدنے کے لئے رقم منتقل کی گئی۔ انور مجید اور عبدالغنی مجید کو اپنے دفاع میں ثبوت پیش کرنے کا موقع دیا گیا لیکن دونوں 3122 ملین روپے ڈیپازٹ اور 4014  ملین روپے کی رقم ٹرانزیکشنز بارے میں تحقیقاتی ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ انور مجید اور محمد عارف خان کے اثاثہ جات منجمند کرنے کے لئے ایف آئی اے ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی۔ اومنی گروپ کے ٹیکس رٹرن کی تفصیلات کے بارے میں ایف بی ار کے جواب کا انتظار ہے۔ ابھی تک اثاثے منجمد نہیں کیے۔