Saturday, April 20, 2024

اوفا: پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کا پانچ نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، دہشتگردی کے خاتمے پر اتفاق

اوفا: پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کا پانچ نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، دہشتگردی کے خاتمے پر اتفاق
July 11, 2015
اوفا (ویب ڈیسک) پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، دہشت گردی کا مل کر خاتمہ کیا جائے گا۔ قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات ہو گی اور عوام کی آمدورفت آسان بنائی جائے گی۔ نریندر مودی نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کر لی۔ اوفا میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کا پانچ نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اورانہوں نے خطے میں مل کردہشت گردی کے خاتمے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات ستمبر میں دہلی میں ہوگی۔ دونوں ملک خطے میں امن اور ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے اور تمام تصفیہ طلب امور کو بات چیت سے حل کیا جائے گا۔ ڈی جی بارڈرسکیورٹی فورسز، ڈی جی پاکستان رینجرز اور ڈی جی ایم اوز کی ملاقاتوں پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ پاکستان ایک عرصے سے ڈی جی ایم اوز کا معاملہ اٹھا رہا تھا اور بھارت نے میں نہ مانوں کی رٹ چھوڑ کر پاکستان کا مؤقف تسلیم کرلیا۔ دونوں ملکوں نے عوام کی آمدورفت آسان بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ ماہی گیروں کو پندرہ دن میں ان کی کشتیوں کے ساتھ رہا کر دیا جائے گا۔ پاک بھارت وزرائے اعظم نے دونوں ملکوں کے مذہبی وفود کو سہولتیں فراہم کرنے پر بھی اتفاق کر لیا۔ ممبئی حملہ کیس کو تیزرفتاری سے حل کرنے اور آواز کے نمونوں سمیت اضافی معلومات فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھارت صرف الزام لگاتا تھا، ثبوت نہیں دیتا تھا۔ پاکستان نے اس معاملے میں بھی بھارت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے ملاقات میں اپنے بھارتی ہم منصب کو آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو نریندر مودی نے قبول کر لی۔