Tuesday, May 14, 2024

اورنگی،کورنگی اور نیوکراچی سے 3لاشیں برآمد

اورنگی،کورنگی اور نیوکراچی سے 3لاشیں برآمد
August 23, 2020
کراچی ( 92 نیوز) اورنگی، کورنگی اور نیوکراچی سے 3لاشیں برآمد ہوئیں ، کراچی کے ضلع وسطی میں ڈکیتوں کے بعد موٹرسائیکل چورگینگ بھی سرگرم ہوگئے ہیں،عزیزآباد میں دو ملزمان گھر کے باہر کھڑی موٹرسائیکل باآسانی چوری کرکے فرار ہوگئے۔دوسری جانب   رینجرز نے مختلف  علاقوں سے 10ملزمان دھرلیے۔ بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں نوجوان حارث کے قتل کی تحقیقات نے نیا رخ اختیار کرلیا ، سی سی ٹی وی میں دکان کے باہرقاتلوں کو مقتول  کا انتظار کرتے دیکھا جاسکتا ہے،نیلے لباس میں ملبوس شخص نے حارث پر فائرنگ کی اور فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت قرار دیا تھا۔ اسٹریٹ کرائم پولیس کیلئے تاحال چیلنج بنے ہوئے ہیں، بن قاسم میں 3مسلح ملزمان کی شہری سے لوٹ مارکی فوٹیج 92نیوز نے حاصل کرلی جسکے مطابق شہری نے ملزمان پر پتھراؤ کیا تو انہوں نے اس پر گولیاں چلادیں، نوجوان زخمی ہوگیا۔ کراچی کے ضلع وسطی کے باسی ڈکیتوں کے بعد اب چوروں کے رحم و کرم پر ہیں ، عزیز آباد میں دو ملزمان گھر کے باہر کھڑی موٹرسائیکل بآسانی چوری کرکے فرار ہو گئے ، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ جرائم پیشہ افراد کیخلاف سندھ رینجرز نے بھرپور ایکشن کیا ، زمان ٹاؤن،ڈیفنس،شارع فیصل، سولجربازار،بغدادی اور فیروزآباد سے 3منشیات فروشوں سمیت 13ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی ملا۔ اورنگی ٹاؤن نمبر 12 میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔