Friday, May 10, 2024

اورنگی ٹاؤن نمبر پانچ میں رینجرز موبائل گاڑی کے قریب دھماکہ ، ایک اہلکار شہید

اورنگی ٹاؤن نمبر پانچ میں رینجرز موبائل گاڑی کے قریب دھماکہ ، ایک اہلکار شہید
March 15, 2021

کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر پانچ پررینجرز کی موبائل گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا جس میں ایک رینجرز اہلکار شہید ہوگیا۔دو اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے ۔

دہشتگردوں نے ایک بار پھر کراچی کا امن خراب کرنے کی سازش کی ، اورنگی ٹاوُن مومن آباد پانچ نمبر پر رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکے سے رینجرز اہلکار شہید ہوگیا جبکہ دو اہلکار سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے ۔

حملے کے بعد رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا زخمیوں کو طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس حکام کے مطابق علاقے میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیئے رینجرز کی روزانہ کی بنیادپر اسینپ چیکنگ جاری تھیں،اس ہی دوران رینجرز کی گاڑی کے نزدیک
کھڑی موٹرسائیکل پر نصب بارودی مواد پھٹ گیا۔

دھماکے سے رینجرز کی موبائل سمیت اطراف میں کھڑی گاڑی اورموٹرسائیکلوں کو شدید نقصان پہنچا،بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی مشکوک موٹرسائیکل میں نصب شدہ ڈیوائس کی تصدیق کردی ۔

تفتیشی حکام کا دعویٰ ہے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز موبائل کے قریب دھماکے میں تقریبا چار سے پانچ کلوبارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ بم کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے آپریٹ کئےجانے کا قومی امکان ہے ، تفتیشی حکام  بم کو آپریٹ کرنے کے لئے ٹائمر ڈیوائس کے زاویے  سے بھی دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ ، گورنر سندھ  عمران اسماعیل اور آئی جی سندھ نے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف اور ایس ایس پی ویسٹ سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔