Wednesday, May 15, 2024

اورنگی نالہ متاثرین کی آپریشن کیخلاف درخواست ، لیز مکانات مسمار کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی

اورنگی نالہ متاثرین کی آپریشن کیخلاف درخواست ، لیز مکانات مسمار کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی
June 1, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں گجر نالہ اور اورنگی نالہ متاثرین کی آپریشن کیخلاف درخواست کی سماعت میں لیز مکانات مسمار کرنے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں گجر نالہ اور اورنگی نالہ متاثرین کی درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی۔ کےایم سی کے وکیل نے تسلیم کیا کہ لیز مکانات تجاوزات کی تعریف میں نہیں آتے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ نے لیز مکانات مسمار کرنے کا حکم دیا تھا؟

وکیل کے ایم سی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے صرف تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے لیز مکانات مسمار کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ لیز مکانات انکروچمنٹ میں نہیں آتے تو کسی قسم کی توڑ پھوڑ نہیں ہو گی۔

سندھ ہائیکورٹ نے گجر اور اورنگی نالے پر آپریشن روکنے سے متعلق حکم امتناع میں توسیع کر دی اور کہا کہ جب تک سپریم کورٹ سے وضاحت نہیں آجاتی تب تک آپریشن نہ کیا جائے۔ عدالت نے کے ایم سی، کمشنر کراچی، سندھ حکومت اور دیگر سے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔

عدالت نے درخواست کی مزید سماعت اگست کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔