Tuesday, April 30, 2024

اورنچ لائن ٹرین منصوبے کے خلاف پی ٹی آئی کھل کر سامنے آگئی ،مال روڈ پر دھرنا

اورنچ لائن ٹرین منصوبے کے خلاف پی ٹی آئی کھل کر سامنے آگئی ،مال روڈ پر دھرنا
October 16, 2015
لاہور(92نیوز)لاہور میں اورنج لائن ٹرین کی تعمیر روکنے کیلئے تحریک انصاف کھل کر سامنے آگئی ،مال روڈ پر دھرنا دیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت اربوں روپے کا بجٹ پلوں اور سڑکوں پر لگانے کی بجائےعوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی پر خرچ کرے،میاں محمود الرشید کہتے ہیں کہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہے نہ ہسپتالوں میں ادویات حکومت ہوش کے ناخن لے۔ تفصیلات کےمطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی قیادت میں تحریک انصاف کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے اورنج لائن ٹرین کے منصوبہ کیخلاف احتجاج کیا اور مال روڈ پر دھرنا دیا،مظاہرین نے بینرز ا ٹھا رکھے تھے جس پر ٹرین منصوبہ ختم کرنے کے نعرے درج تھے اس موقع پر حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے میٹرو ٹرین منصوبہ کو ناقص قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی لاپرواہی کی انتہا ہے کہ کروڑوں روپے سے کچھ عرصہ قبل ہی بنائی گئی سڑکوں کو ایک مرتبہ پھر توڑا جارہا ہے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات میسر نہیں ،پینے کیلئے صاف پانی ہے نہ ہسپتالوں میں ادویات بیروزگاری عام ہےلیکن حکومت سڑکیں اور پل بنانے میں مگن ہے،توڑ پھوڑ سے جہاں شہر کھنڈر بن جائے گا وہیں لاکھوں لوگوں کا روزگار بھی متاثر ہو گا۔ پی ٹی آئی نے منصوبہ ختم کر کے اربوں روپے کا بجٹ صحت تعلیم اور توانائی کے شعبوں پر خرچ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت باز نہ آئی تو پھر احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ہر پلیٹ فارم پر اس منصوبہ کی مخالفت جاری رکھی جائے گی۔