Saturday, April 20, 2024

اورنج ٹرین منصوبے کی مشینری کی درآمد پر ٹیکس اور ڈیوٹی چھوٹ دینےکی منظوری دیدی گئی

اورنج ٹرین منصوبے کی مشینری کی درآمد پر ٹیکس اور ڈیوٹی چھوٹ دینےکی منظوری دیدی گئی
January 6, 2017

 اسلام آباد(92نیوز)وفاقی حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی مشینری کی درآمد پر ٹیکس اور ڈیوٹی چھوٹ دینے کی منظوری دے دی۔ کراچی، پشاور اور کوئٹہ سرکلر ریلوے منصوبوں کو ٹیکس چھوٹ حاصل ہوگی، چاروں منصوبوں کو سی پیک میں شامل کیا گیا ہے ۔

تفصیلات کےمطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ وزارت منصوبہ بندی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور کے لیے ٹیکس چھوٹ کی سمری اجلاس میں پیش کی ۔ ای سی سی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی مشینری کی درآمد پر ٹیکسز اور ڈیوٹیزختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کے تحت لاہور میں 27 کلو میٹر طویل ٹریک پر سگنل فری ریلوے لائن بچھائی جائے گی ، جس پر میٹرو ٹرین شروع کی جائے گی۔ منصوبے پر کل مالیت 165 ارب روپے آئے گی۔ لاہور میٹرو ٹرین منصوبے پر چینی کمپنیاں کام کریں گی۔ اورنج لائن میٹرو منصوبے کے لیے نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کو صرف 6 فیصد ایڈوانس انکم ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ وفاقی حکومت نے اورنج لائن منصوبے کی منظوری دوہزار پندرہ میں دی تھی۔ ای سی سی نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے سمیت کوئٹہ اور پشاور ماس ٹرانزٹ ریلوے منصوبوں کو بھی ٹیکس چھوٹ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق لاہور اورنج لائن میٹرو منصوبے سمیت چاروں صوبوں میں جاری کیےجانیوالے میٹرو ٹرین منصوبوں کو سی پیک میں شامل کیا گیا ہے۔