Sunday, September 8, 2024

اورنج ٹرین منصوبہ روکنے کیلئے شہنشاہ ہند جلال الدین اکبر کا حکم نامہ عدالت میں پیش

اورنج ٹرین منصوبہ روکنے کیلئے شہنشاہ ہند جلال الدین اکبر کا حکم نامہ عدالت میں پیش
July 14, 2016

لاہور (92نیوز) شہنشاہ ہندجلال الدین اکبر کا حکم بھی اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی زد میں آ گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے شہنشاہ ہند کے حکم نامے کی قانونی حیثیت کے بارے میں پنجاب حکومت سے وضاحت طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کےخلاف ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں کی سماعت کی۔ کارروائی کے دوران بینچ کے سامنے یہ انکشاف ہوا کہ شہنشاہ ہند نے بابا موج دریا کے دربار کےلئے زمین دی تھی اور حکم دیا تھا کہ یہ زمین نہ تو کوئی چھین سکتا ہے اورنہ ہی اس پر کوئی دوسری تعمیر کی جا سکتی ہے لیکن پنجاب حکومت ان احکامات کی نافرمانی کر رہی ہے۔

سماعت کے دوران سول سوسائٹی کے وکیل اظہر صدیق نے جلال الدین اکبر کا اس حوالے سے 1541ءکا حکم نامہ پیش کیا اور بتایاکہ اس حکم کے تحت بابا موج دریا دربار کی اراضی کسی اور مقصد کےلئے استعمال نہیں کی جا سکتی۔

وکیل کے مطابق پنجاب حکومت اس جگہ اورنج لائن منصوبے کی تعمیر کر رہی ہے۔ یہ تعمیر دربار سے دوفٹ کے فاصلے پر کی جا رہی ہے جو شہنشاہ ہند کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔ مقامی سول کورٹ بھی 1960ءمیں یہ حکم جاری کر چکی ہے کہ اس اراضی پر کوئی اور تعمیرنہیں ہو سکتی۔ ہائیکورٹ نے معاملے پر پنجاب حکومت سے وضاحت طلب کر لی۔