Saturday, April 27, 2024

سپریم کورٹ میں اورنج ٹرین کیس سننےوالا بنچ ٹوٹ گیا

سپریم کورٹ میں اورنج ٹرین کیس سننےوالا بنچ ٹوٹ گیا
January 2, 2017

اسلام آباد (92نیوز) اورنج لائن ٹرین منصوبے کے خلاف سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بنچ ٹوٹ گیا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ذاتی وجوہات کی بناء پر سماعت سے انکار کردیا۔ نیا بنچ بنانے کے لئے معاملہ چیف جسٹس ثاقب نثار کو بھجوا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس امیر ہانی مسلم نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے خلاف کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وہ ۔ذاتی وجوہات کی بناء پر کیس کی سماعت نہیں کرسکتے۔

جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے وکیل نے استدعا کی کہ اس کیس کو دوبارہ جلد سماعت کیلئے لگایا جائے۔

جسٹس امیر ہانی مسلم کاکہنا تھا کہ جب وہ کیس سن ہی نہیں رہے تو تاریخ کیسے دے سکتے ہیں۔ بنچ کے سربراہ کی معذرت کے بعد بنچ ٹوٹ گیا اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی۔

کیس کی دوبارہ سماعت کےلئے نیا لارجر بنچ تشکیل دینے کےلئے معاملہ چیف جسٹس ثاقب نثار کو بھجوا دیا گیا ہے۔

اورنج لائن ٹرین منصوبے سے تاریخی ورثے کونقصان پہنچنے پر لاہور ہائیکورٹ نے منصوبہ روک دیا تھا جس پر پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دے رکھی تھی۔