Saturday, April 20, 2024

اورنج لائن ٹرین کیس ، سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو طلب کر لیا

اورنج لائن ٹرین کیس ، سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو طلب کر لیا
August 30, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) اورنج لائن ٹرین کیس میں سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کر لیا ۔ عدالت نے کہا کہ اپنے جہاز میں بیٹھ کر چار بجے تک پیش ہوں ۔ چیف جسٹس اورنج ٹرین منصوبے کے معیار  پر برہم ہو گئے۔ اورنج ٹرین منصوبہ کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ منصوبے پر غیر معیاری کام ہوا، منصوبے کے حوالے سے عدالت کی تشکیل کردہ کمیٹی سے تعاون نہیں کیا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ منصوبے میں تاخیر دور کرنا سرکاری افسروں کے بس کا کام نہیں ۔ چیف جسٹس نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو طلب کرتے ہوئے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب سے کہیں اپنے جہاز پر بیٹھ کر چار بجے تک عدالت میں پیش ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لگتا ہے منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں عدالت نے ہی دور کرنی ہیں ، وزیر خزانہ اسد عمر کو بھی بلائیں گے۔ اورنج ٹرین  منصوبے کے انچارج سبطین علی نےعدالت کو کہا کہ پانچ ستمبر کو عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں ،میری اور بچوں کی تمام تفصیلات نیب کے پاس ہیں ، اس عمر میں ملزم نہیں بننا چاہتا۔ پراجیکٹ انچارج نے کہا  پہلی ٹرین تیس جولائی دو ہزار انیس کو چل جائے گی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ٹرین کو 30جولائی دوہزار انیس سے پہلے چلائیں گے۔